این آئی اے ٹیم کا چنڈیل ضلع کا دورہ

نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک ٹیم نے منی پور کے چنڈیل ضلع میں فوجی عملہ پر گھات لگاکرکئے گئے حملے کے مقام کا دورہ کیا اور وہاں سے کچھ دھماکو مادے ضبط کئے جو پھٹنے نہیں تھے اور کچھ گولیوں کے کیس بھی برآمد کرلئے گئے ۔ این آئی اے نے منی پور پولیس سے اس کیس کی تحقیقات کا ذمہ قبول کیا ہے ۔ ٹیم نے علاقہ کی اس حملہ کے پانچ دن بعدمکمل تلاشی لی ۔ حالیہ وقتوںمیں فوجی عملہ کے خلاف یہ سب سے زیادہ ہلاکت خیز حملہ تھا ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ دھماکو مادوں کو ناکارہ بنانے والے ماہرین نے یہاں سے دستیاب ہوئے مادہ کو ناکارہ بنادیا ۔ ناگا لینڈ کے ایک تخریب کار گروپ این ایس سی این نے حملہ کے دن ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اس حملہ میں 18 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔ دس افراد زخمی ہوئے تھے ۔ این ایس سی این نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ اس نے دو گروپس کی مدد سے یہ حملہ کیا تھا ۔ این آئی اے نے منی پولیس پولیس سے اس کیس کی تحقیقات کا ذمہ قبول کرتے ہوئے ایک مقدمہ ایجنسی کی گوہاٹی برانچ میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت درج کرلیا ہے ۔