ایندھن کی قیمت میں روزآنہ تبدیلی کیخلاف درخواست

نئی دہلی ۔18 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ نے آج مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ ایک درخواست مفاد عامہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں روزآنہ تبدیلی کی مخالفت کی گئی ہے اور انھیں اشیاء ضروریہ تصور کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ چنانچہ حکومت کو ہدایت دی جاتی ہے کہ اس کی مناسب قیمت فروخت کا تعین کرے اور خود کو مقدمہ کا ایک فریق تصور کرے ۔ کارگذار چیف جسٹس گیتا متل اور جسٹس سی ہری شاہ نے کہا کہ درخواست گذار نے شکایت کی ہے کہ اس مسئلہ کو قبل ازیں مرکزی حکومت سے رجوع کیا گیا تھا تاہم اس نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ تو ایندھن کی قیمت کا تعین کیا اور نہ اس کو اشیاء ضروریہ میں شامل کیا۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ درخواست مفاد عامہ کو نمائندگی تصور کیا جائے اور اس کی جلد از جلد یکسوئی کردی جائے ۔ دہلی کے شہری ڈیزائنر پوجا مہاجن نے ایندھن کی قیمتوں میں روزآنہ اضافہ پر قابو پانے اور اسے اشیائے ضروریہ میں شامل کرنے کی مرکزی حکومت سے خواہش کی ہے ۔ علاوہ ازیں ایندھن کی مناسب قیمت کا تعین کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے ۔ یہ مفاد عامہ کی درخواست قانون داں اے میتری کے ذریعہ داخل کی گئی ہے اور حکومت پر بالواسطہ طورپر ایندھن کی قیمتوں پرکنٹرول رکھنے کا الزام عائد کیاگیا ہے ۔