ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی میں قانون کی پاسداری کی جائے : امریکہ کی پاکستان سے اپیل

واشنگٹن ، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کراچی میں امن کو برقرار رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے خلاف کارروائیوں میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنائے ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے 22 اگست کو پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے پر اکسانے کے بعد سے ایم کیوایم کے دفاتر اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو یاد دہانی کرائی کہ ایسی تمام کارروائیاں قانون کے مطابق کی جانی چاہئیں۔بیان میں کہا گیا کہ امریکہ مشتعل افراد کے میڈیا پر حملے پر سخت موقف رکھتا ہے اور ایسے حملے جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔اپنے بیانات سے امریکی انتظامیہ بظاہر ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی کارروائی کی حامی نظر آئی تاہم اس نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کرے ۔اسی طرح امریکی حکومت نے ایم کیو ایم کے احتجاج کے حق کو بھی تسلیم کیا تاہم یہ بھی کہا کہ احتجاج پر امن ہونا چاہیے ۔