کراچی ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی اپیل پر جمعہ کو یوم سوگ منایا جارہا ہے اور تمام بازار، مارکیٹس اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ ادھر سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے کارکنوں کی مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں پر احتجاج کیا ہے اور اراکین بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔ میمن گوٹھ تھانے کی حدود سے ملنے والی چار نوجوانوں کی بطور کارکن شناخت کے بعد ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے جمعرات کو اس یوم سوگ کا اعلان کیا تھا
اور رابطہ کمیٹی کے رہنما مقبول صدیقی نے ٹرانسپورٹروں اور تاجروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔ اس اعلان پر جمعرات کی شام ہی کو سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ محدود ہوگئی جبکہ تمام سی این جی اسٹیشن اور پٹرول پمپ بند کر دیئے گئے، جس کی وجہ سے ملازمتوں سے گھروں کو لوٹنے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔