نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ارکان پارلیمان (ایم پیز) کے اجرتوں اور بھتوں کے بارے میں یوگی ادتیہ ناتھ کی سربراہی والی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر عمل آوری کیلئے آج راجیہ سبھا میں مطالبہ کیا گیا۔ اس مسئلے کو اٹھاتے ہوئے نریش اگروال (ایس پی) نے کہا کہ حکومت کو میڈیا سے خائف نہیں ہونا چاہئے اور اس کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہر رکن سفارشات پر عمل چاہتا ہے مگر حکومت میڈیا سے ’’خائف‘‘ ہو کر اس رپورٹ پر عمل پیرا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا: ’’ایم پیز تین گھروں کی دیکھ بھال اور انھیں چلانے سے قاصر ہیں۔‘‘ تاہم اس ریمارک پر ستیہ ورت چترویدی (کانگریس) اعتراض کیا اور متعجب ہوئے کہ کون ایم پی تین گھر سنبھال رہا ہے۔
پنکج بھوجبل کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
ممبئی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے آج مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور سینئر این سی پی لیڈر چھگن بھوجبل کے فرزند پنکج بھوجبل کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ (این بی ڈبلیو) جاری کردیا، جس کا تعلق اُن کے اور دیگر کے خلاف دہلی میں نئے مہاراشٹرا سدن کی تعمیر اور ایک دیگر معاملے کے سلسلے میں غیرقانونی رقمی لین دین کے درج رجسٹر کیس سے ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی داخل کردہ فرد جرم کا نوٹ لیا اور اسپیشل جج پی آر بھاوکی نے کہا کہ ملزم نمبر 3 (پنکج) کے خلاف این بی ڈبلیو جاری کیا گیا ہے۔