ایم اے خاں اور پنالہ لکشمیا کی آر سی کنٹیا سے ملاقات

12 تا 14 اگست حیدرآباد میں قیام اور سینئیر قائدین سے ملاقات کریں گے
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان اور سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے ریاست کے نئے انچارج آر سی کنٹیا سے ملاقات کی ۔ کنٹیا نے پونم پربھاکر کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے 12 تا 14 اگست تک حیدرآباد میں قیام کرنے پارٹی کے سینئیر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے پہلے آر سی کنٹیا کو تلنگانہ کانگریس امور کا انچارج نامزد کرنے کے بعد سی بی ڈبلیو سی کا رکن نامزد کیا ہے ۔ کنٹیا نے دہلی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں اور سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا نے دہلی میں آر سی کنٹیا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر آر سی کنٹیا نے میڈیکل کالج کے لیے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے والے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی اور کہا کہ پونم پربھاکر کے احتجاج کو کانگریس ہائی کمان کی مکمل تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سہ روزہ دورے پر حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ 12 تا 14 اگست تک حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے پارٹی قائدین سے مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کریں گے ۔ مہینے میں 15 دن تلنگانہ میں رہتے ہوئے اضلاع و منڈل سطح کے قائدین سے بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام محاذوں میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ٹی آر ایس کا تین سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ ریاست کو قرضوں میں ڈوبا دیا گیا ہے ۔ سنہرے تلنگانہ کا نعرہ دیتے ہوئے ریاست کو مافیا راج میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ بدعنوانیاں عروج پر پہونچ گئی ہیں سماج کا ہر طبقہ حکومت سے بدظن ہے 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ کے عوام پوری طرح کانگریس کے ساتھ ہیں عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ ریاست میں بی جے پی برائے نام ہے ۔ کانگریس کا اصل مقابلہ ٹی آر ایس سے ہے ۔ وعدوں کو پورا کرنے میں کے سی آر پوری طرح ناکام ہوگئے ۔۔