نئی دہلی ۔2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق کرکٹ کپتان ایم ایس دھونی ، بلیرڈ کھلاڑی پنکج اڈوانی اور اداکار منوج جوشی اور دیگر کئی مشہور شخصیات کو صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں پدم بھوشن ایوارڈ عطا کئے ۔ فوجی وردی میں ملبوس دھونی مارچ کرتے ہوئے شہ نشین کی طرف گئے اور صدرجمہوریہ سے ایوارڈ حاصل کیا۔ جبکہ حاضرین کی کثیرتعداد اس موقع پر تالیاں بجاکر اظہار ستائش کررہی تھی ۔ انھیں اعزازی لیفٹننٹ کرنل کا رتبہ بھی عطا کیا گیا تھا جو علاقائی فوج نے 2011 ء میں دیا تھا ۔ دھونی اور اڈوانی کے علاوہ فوک فنکار شاردھا سنہا اُن کی ہم عصر ہندوستانی فنکار لکشمن پائی اور سابق سفیرروس برائے ہندوستان الیگزینڈر کوڈاکن کو بعد از مرگ ایوارڈ عطا کیا گیا ۔