حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( این ایس ایس ) مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی ( ایم آر پی ایس ) لیڈر مندا کرشنا مادیگا نے آج اعلان کیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں سکندرآباد اور ناگرکرنول حلقوں کے ماسوا تمام حلقوں میں کانگریس کی تائید کرینگے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مندا کرشنا مادیگا نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ایس سی طبقات کی زمرہ بندی سے متعلق ان کے مطالبہ کی تائید کی ہے اس کے بعد ایم آر پی ایس نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ورکرس سے کہا ہے کہ وہ دو حلقوں کے ماسوا تمام حلقوں میں کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں۔ کرشنا مادیگا نے کہا کہ انہوں نے سکندرآباد اور ناگرکرنول حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کے ناگر کرنول کے امیدوار ملو روی ایس سی طبقات کے مطالبات کے تعلق سے سنجیدہ نہیں ہیں اور وہ ان کے مطالبات کی مخالفت بھی کر رہے ہیں۔ ایم آر اے پی ایس کے کارکن ناگرکرنول حلقے میں ملو روی کو شکست سے دوچار کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔