حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : وزیر تعلیم تلنگانہ مسٹر جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت بہ تعاون ہائیر ایجوکیشن کونسل ایمسیٹ 2015 منعقد کرے گی ۔ تاہم انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ اگر حکومت آندھرا پردیش مشترکہ انٹرنس منعقد کرنے کی خواہش مند ہو تو اسے قبول کیا جائے گا ۔ وہ آج یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر نے جو تجویز پیش کی ہے اس کا شیڈول بہت جلد جاری کیا جائے گا ۔ وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ گورنر نے خواہش کی ہے کہ امتحان کے انعقاد کے دوران امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری پیش آنے نہ دیں ۔ آندھرا پردیش ریاست کے ایسے امیدوار جو تلنگانہ ریاست میں ایمسیٹ میں شرکت کے خواہاں ہو تو انہیں چاہئے کہ وہ علحدہ درخواستیں داخل کریں جس کے تحت انہیں پندرہ فیصد کوٹہ دیا جائے گا ۔ جب کہ تلنگانہ ریاست کے لیے 85 فیصد کوٹہ مختص رہے گا ۔۔