حیدرآباد۔28جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کے معتمد اعلیٰ تعلیم نے آندھراپردیش ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ وارانہ کالجوں میں داخلہ کا مسئلہ عدالت میں زیر تصفیہ ہے اور اس کی تاریخوں کااعلان نہیں کیا جاسکتا ۔ اے پی ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے آندھراپردیش اور تلنگانہ میں 7اگست سے سرٹیفیکٹس کی توثیق کے آغاز کے ساتھ داخلوں کے عمل کا پہلے مرحلے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں ایک اعلامیہ 30جولائی کوجاری کیا جائے گا ۔ یہ فیصلہ داخلوں سے متعلق ایک کمیٹی سے متعلق کیا گیا جس میں تلنگانہ کے نمائندے حیرت انگیز طور پر غیرحاضر رہے ۔ آندھراپردیش ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے سپریم کورٹ کے اس تاثر پر داخلوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ اُس کو داخلوں کے عمل پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ تلنگانہ کی ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے 22اکٹوبر تک داخلوں کی مہلت میں توسیع دینے کی درخواست کی تھی۔ اعلیٰ تعلیمی کونسل کے چیرمین ایل وینوگوپال ریڈی نے کہا کہ ویب کونسلنگ کی تواریخ اور فیس ریمبرسمنٹ کے مسئلہ پر بعدمیں بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے لیکن صداقت نامہ کی توثیق کے عمل کیلئے کم سے کم 15تا 18دن درکار ہوتے ہیں ۔اس دوران تلنگانہ کے معتمد اعلیٰ تعلیم نے کونسل کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ زیر تصفیہ مسئلہ پر تاریخ کا اعلان نہیں کیا جاسکتا ۔