حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ایمسیٹ میں کامیابی نہیں بلکہ اچھے رینک کے لیے منصوبہ بندی صحیح حکمت ضروری ہے ۔ ایمسیٹ میں زیادہ نشانات کس مضمون میں حاصل کرسکتے ہیں پہلے اس پر عبور حاصل کریں جیسے میڈیسن کے لیے بیالوجیکل سائنس میں 80 کے منجملہ 75 نشانات کا حصول ممکن ہے پھر کیمسٹری میں 40 میں 35 نشان حاصل کریں ۔ آخر میں فزیکس پر توجہ د یں اگر فزیکس کو مشکل مان کر 20نشان بھی حاصل کریں تب بھی انٹر میڈیٹ کے بی پی سی امیدوار یم بی بی ایس میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب اکبر الدین صدیقی ایمسیٹ کوچنگ نے یہاں دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں خصوصی سمینار’ ایمسیٹ کی تیاری کیسے کریں ‘ میں لکچر دیتے ہوئے کیا اور انٹر میڈیٹ امتحان کے بعد ایمسیٹ کے لیے بتلایا کہ 60 فیصد سوالات سابقہ امتحانی پرچوں سے آتے ہیں سب سے پہلے طلبہ ان پرچوں کو حل کریں اس کی مشق کرلیں اس سے ایمسیٹ کے سوالات کی نوعیت معلوم ہوگی ۔ انہوں نے ایمسیٹ میں کامیابی اور رینک کا ایک خصوصی فارمولہ دیا اور طلبہ کو مضمون واری اور خصوصی اسباق کے پوائنٹ دئیے جس کو طلبہ نے نوٹ کیا ۔ ایمسیٹ ایک سخت مسابقتی امتحان ہے جس میں اچھے رینک سے ہی اچھے کالج اور کورس میں داخلہ ملتا ہے ۔ یہ دراصل داخلہ کلید ہے ۔ اس سے کئی اہم اور پروفیشنل کورسیس میں داخلہ ملتے ہیں ۔
ڈاکٹر محمد اسمعیل سابق ڈین فیکلٹی وٹرنری یونیورسٹی نے انٹر میڈیٹ یم پی سی اور بی پی سی امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ ایمسیٹ کے ساتھ آندھرا پردیش کا ایمسیٹ بھی لکھیں جو حیدرآباد کے چھ کیندر ودیالیہ میں مراکز بنا کر 8 مئی کو رکھا گیا ہے ۔ اور اس سے 15 فیصد تحفظات نان لوکل کوٹہ میں سینکڑوں نشستیں حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر عبدالرحمن سابق پروفیسر اگریکلچر یونیورسٹی نے اگریکلچر ، ہارٹیکلچر اور وٹرنری سائنس کے کورسیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انٹر میڈیٹ یم پی سی ، بی پی سی امیدواروں کی رہنمائی کی ۔ حافظ شاہد محی الدین پرنسپل سری چندرا جونیر / ڈگری کالج نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنی تقریر میں طلبہ اور سرپرستوں سے کہا کہ ایمسیٹ کی تیاری کے ساتھ اس کی کونسلنگ اور داخلے کے طریقہ کار تک ایسے پروگرامس میں شرکت کریں ۔ روزنامہ سیاست کی کاوشوں کا یہ سلسلہ جاری ہے ۔ جناب منظور احمد نے ایمسیٹ کی کراش کوچنگ سے استفادہ کرنے پر زور دیا جو چارمینار سری چندرا جونیر کالج اور آصف نگر مہدی پٹنم میں رائل ریجنسی ہال میں ہوگی اور ہر اتوار کو ماڈل ٹسٹ میں شرکت کا مشورہ دیا ۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے ایمسیٹ کے فارمس کے ادخال اس کے لیے درکار ضروریات اور ایمسیٹ کے اہم نکات کو تفصیل سے پیش کیا ۔ خالد محی الدین اسد ، بی یو ایم ایس کے متعلق تفصیلات بتائی ۔ جناب محمد علی رفعت ( رائل مشن اسکول ) اور جناب بدر بن عبداللہ ( حیدرآباد مشن اسکول ) شہ نشین پر موجود تھے ۔ آخر میں اکبر صدیقی نے مختلف سوالات کے جوابات دئیے ۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔۔