حیدرآباد ۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) ایمسیٹ ایک مسابقتی امتحان ہے۔ اس میں اچھے رینک کے ذریعہ اچھے کالج اور کورس میں داخلہ ملتا ہے۔ اس کیلئے مختلف کتب کا مطالعہ کرتے ہوئے تیاری کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر این وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ 2015ء تلنگانہ نے یہاں سیاست گولڈن جوبلی ہال عابڈس میں آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے اسٹیٹ لیول ماک ٹسٹ کے پرچہ کی رسم اجرائی کے موقع پر کیا اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے امتحانات کے ذریعہ خود کا محاسبہ کرتے ہوئے کمزوریوں کو پہچان کر اس کو دور کریں اور آسان سوالات کو پہلے کریں پھر وقت کے لحاظ سے امتحانی پرچہ کو حل کریں۔ ساتھ ہی سابقہ امتحانی پرچے سے نمونہ سوالات کو سمجھنے اور ان کو وقت مینجمنٹ کے لحاظ سے حل کرنے کی مساعی کریں۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں تمثیلی امتحانی پرچہ کی رسم رونمائی کی گئی اور ایمسیٹ کے انجینئرنگ اور میڈیکل زمرہ کے طلباء و طالبات میں پرچے تقسیم کئے گئے۔ سوالات کو سمجھنے اور اس کے صحیح جواب کو پوری طرح اطمینان کے بعد او ایم آر شیٹ میں کرنے کی جناب زاہد علی خان صاحب نے ترغیب دی اور طلباء سے سوالات کرتے ہوئے ان کو زرین مشورہ دیا اور کہا کہ وہ طلباء کی تنظیموں کی جانب سے کی جانے والی ایسی کوشش کی نہ صرف سراہنا کرتے ہیں بلکہ ان کے تعاون اور اشتراک ہمیشہ رہے گا۔ اے آئی ایس ایف کے ریاستی یونٹ کے جنرل سکریٹری مسٹر دھرمیندر عہدیداران تنظیم مسٹر وینکٹیش، سرینواس، بھارت نے اس موقع پر طلباء و طالبات کی رہنمائی کی اور فیڈریشن کی جانب سے مہمانان پروفیسر این وی رمنا راؤ جے این ٹی یو حیدرآباد کنوینر تلنگانہ ایمسیٹ کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے خیرمقدم کیا اور جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کو بھی گلدستہ پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ اس موقع پر کیریئر کونسلر ایم اے حمید اور سیاست ہیلپ لائن انچارج سید خالد محی الدین نے مکمل معاونیت کی۔ آخر میں دھرمیندرا نے شکریہ ادا کیا۔