ایمسیٹ۔III‘ آج اعلامیہ کی اجرائی متوقع

حیدرآباد ۔ یکم اگست ( سیاست نیوز) ریاست کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے گذشتہ دنوں منعقدہ ایمسیٹ ۔II کی منسوخی کے بعد اب دوبارہ ایمسیٹ IIIکیلئے اعلامیہ کی اجرائی 2اگست یا 3اگست کو متوقع ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ایمسیٹ IIکی منسوخی سے متعلق معاملہ کی 2اگست کو ہائیکورٹ میں سماعت کی توقع ہے جبکہ ایمسیٹ IIپرچہ سوالات کے افشاء کے واقعہ کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں زبردست ہلچل و ہنگامہ خیز صورتحال پائی جاتی ہے لیکن حکومت نے ایمسیٹ IIکو منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہیکہ ایمسیٹ IIکے پرچہ سوالات افشاء واقعہ میں ملوث کئی ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے ۔ایمسیٹ کے افشاء پر بالخصوص سخت محنت سے ٹاپ رینک حاصل کرنے والے امیدواروں اور ان کے سرپرستوں میں غم و غصہ کی لہر کو دیکھتے ہوئے حکومت نے متبادل انتظامات کا اعلان کیا ہے ۔