ایل کے اڈوانی صدر جمہوریہ بننے کے اہل : نتن گڈکری

نئی دہلی 21 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر و سینئر بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے کہا کہ ان کی پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی ہندوستان کے صدر بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ان کے معیار کیلئے یہی عہدہ موزوں ہے ۔ ایک ٹی وی شو میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اگر مسٹر اڈوانی کو لوک سبھا کا اسپیکر بنایا جاتا تو یہ ان کیلئے درست نہیں ہوتا کیونکہ وہ پہلے ہی نائب وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈوانی نائب وزیراعظم رہ چکے ہیں اور اگر وہ اسپیکر لوک سبھا بنائے جاتے تو یہ مناسب نہ ہوتا ۔ اڈوانی ملک کے صدر بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ چینل کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گڈکری نے کہا کہ ہم سب اڈوانی کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے معیار کے مطابق انہیں عہدہ حاصل ہو ۔ مسٹر گڈکری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 75 سال سے زائد عمر والوں کو مرکزی کابینہ میں شامل نہ کرنے کا ایک فیصلہ کیا تھا اور اسی کے نتیجہ میں سینئر پارٹی قائدین جیسے ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو مرکزی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ پارٹی سینئر قائدین کا بالی ووڈ میگااسٹار امیتابھ بچن سے تقابل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیتابھ ایک نسل کی تبدیلی کی وجہ سے اب فلموں میں ہیرو کا رول ادا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دس سال بعد شائد خود انہیں ( گڈکری کو ) بھی نئے لوگوں کو موقع دینے بدل دیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کی ان اطلاعات کو مسترد کردیاگ کہ مسٹر مرلی منوہر جوشی منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جوشی ایک سینئر قائد ہیں اور پارٹی یقینی طور پر ان کی وسیع معلومات اور تجربہ سے استفادہ کریگی ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے کام کاج کے طریقہ کی ستائش کی اور کہا کہ وزیر اعظم اپنے وزرا کے خیالات کی سماعت کرتے ہیں ۔ ان میں سے کچھ قبول کرتے ہیں لیکن خود انہیں بھی مختلف محکموں اور مسائل کے تعلق سے معلومات حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست نہیں ہے کہ وزرا وزیر اعظم سے خوفزدہ ہیں۔ وزیر اعظم ہر مسئلہ کی تہہ تک جاتے ہیں اسی لئے محکمہ جاتی سکریٹریز ان سے پریشان ہیں۔