ایل ٹی ٹی ای کو از سر نو منظم کرنے کی کوشش

آئی ایس آئی اور ماویسٹوں کے ساتھ سازباز کا اندیشہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : لبریشن ٹائیگرس آف تامل ایلم ( ایل ٹی ٹی ای ) کا اپنے سربراہ وی پربھاکرن کی ہلاکت کے بعد عملاً صفایا ہوگیا تھا لیکن اب سری لنکا اور تاملناڈو پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر از سر نو منظم ہونے کی کوشش میں ہے ۔ وزارت داخلہ نے انٹرنل سیکوریٹی ونگ کے ایک خفیہ دستاویز میں بتایا گیا کہ ایل ٹی ٹی ای کے منتشر کارکنان ، 2009 میں اپنی شکست فاش کے بعد اب بھی ہندوستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں ۔ حال ہی میں ندیدوان گروپ کے بعض کارکنوں نے یوروپ سے شمالی سری لنکا کا دورہ کیا اور دستیاب اسلحہ و گولہ بارود کا جائزہ لیا تھا تاکہ مناسب موقع پر عسکریت پسندانہ کارروائیاں شروع کرنے کے امکانات تلاش کیے جاسکیں ۔ شمالی علاقہ میں اسلحہ و گولہ بارود کی دستیابی سے نہ صرف سری لنکا بلکہ ہندوستان کے لیے بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ شمالی صوبہ میں منعقدہ یوم شہیدان کے موقع پر ایل ٹی ٹی ای کے احیاء کا اشارہ دیا گیا ہے جو کہ ہندوستان کے لیے ایک تشویشناک بات ہے کیوں کہ آئی ایس آئی ، سری لنکا کی سرزمین کو دہشت گردوں کی بھرتی اور تربیت کے لیے استعمال کررہی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جو لوگ ایل ٹی ٹی ای کے احیاء کی کوشش میں ہیں آئی ایس آئی سے سازباز کے خواہش مند ہیں جو کہ ہندوستان کے سیکوریٹی اداروں کو نشانہ بنانا چاہتی ہے ۔ وزارت داخلہ کے خفیہ دستاویز میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں تین ریاستوں تاملناڈو ، کیرالا ، اور کرناٹک کے سرحدی مقام ( جنکشن ) پر ماویسٹوں کی حمل و نقل دیکھی گئی ۔ سابق میں ایل ٹی ٹی ای نے تاملناڈو کے گھنے جنگلات میں ماویسٹوں اور تاملناڈو لبریشن آرمی کو تربیت دی تھی ۔ ایک انٹلی جنس عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر ایل ٹی ٹی ای کا منتشر کیڈر نے ماویسٹوں اور آئی ایس آئی سے سازباز کرلی تو ہندوستان کی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہوگا ۔۔