ایل ٹی ٹی ای نے چینائی سے پرواز کرنے والے طیارہ سے کولمبو پر حملہ کا منصوبہ بنایا تھا : سری سینا

کولمبو ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے آج ماضی کے ایک واقعہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایل ٹی ٹی ای نے 2009ء میں چینائی سے پرواز کرنے والے ایک طیارے سے کولمبو پر فضائی حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بارے میں ان سے بہتر کوئی اور نہیں جان سکتا۔ یاد رہیکہ مئی 2009ء میں ایل ٹی ٹی ای کے ساتھ خانہ جنگی کے آخری دو ہفتوں کے زمانے میں سری سینا سری لنکا کے کارگزار وزیردفاع تھے۔ بہرحال اس لڑائی میں ایل ٹی ٹی ای کو شکست فاش ہوئی تھی۔ نیویارک میں سری لنکائی برادری سے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔ بعدازاں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہونے والا تھا اس وقت سابق صدر ملک سے باہر تھے، سابق وزیراعظم ملک سے باہر تھے۔ یہاں تک کہ وزارت دفاع کے سکریٹری اور فوجی کمانڈر بھی ملک میں موجود نہیں تھے۔ یہ ایک ایسا راز تھا جس کے بارے میں صرف چند ہی بارسوخ شخصیات کو علم تھا۔ اسی لئے کولمبو پر فضائی حملے کے خوف سے تمام ملک سے باہر چلے گئے تھے۔