جموں ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود خط قبضہ پر تعینات دونوں ممالک کے افواج نے عیدالاضحی کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور آپس میں شیرینی تقسیم کی۔ جموں کشمیر میں واقع لائن آف کنٹرول کے کئی علاقوں میں عیدالاضحی منائی گئی۔ اس موقع پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے عہدیداروں نے مٹھائی پیش کی۔ پونچھ راولکوٹ کراسنگ پوائنٹ اور ٹٹپانی اور مندھر کراسنگ پوائنٹ پر بھی فوج نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور خیرسگالی کے جذبہ کا اظہار کیا۔ دیوالی اور عید کے موقعوں پر یہاں افواج کے درمیان اسی طرح خیرسگالی کے جذبہ کا اظہار کی جاتا ہے۔ اس طرح کی خیرسگالی لائن آف کنٹرول پر امن اور سکون کی بحالی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ جموں میں بھی عید کی خوشیاں منائی گئی۔ عوام نے مساجد میں نماز عید ادا کی اور ایک دوسرے کومبارکباد دیا۔ صوبہ جموں کے تمام اضلاع میں ہندو اور سکھ افراد نے بھی عید کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد دی۔ یہاں پر کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔