حیدرآباد۔/19مارچ، ( این ایس ایس ) مجوزہ عام انتخابات کیلئے اب جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کو قطعیت دے رہی ہیں اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ’ دَل بدلی‘ کے ذریعہ ’ جیتنے والی جماعتوں‘ میں شامل ہوتے ہوئے قسمت آزمانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ضلع مغربی گوداوری کے تاڑے پلی گوڑم کی نمائندگی کرنے والے کانگریس رکن اسمبلی ایلانانی نے آج تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس سے یہ اشارے ملنے لگے ہیں کہ وہ بہت جلد کانگریس سے منحرف ہوتے ہوئے تلگودیشم میں شامل ہوجائیں گے۔ تلگو فلموں کے کامیڈین وینومادھو نے بھی آج چندرا بابو نائیڈو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور کسی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیلئے ٹکٹ دینے کی درخواست کی۔
تلگودیشم۔ بی جے پی مفاہمت پر بات چیت قطعی مرحلہ میں داخل
حیدرآباد۔/19مارچ، ( این ایس ایس؍ سیاست نیوز ) بی جے پی کے ریاستی ذرائع نے آج یہاں کہا کہ تلگودیشم سے انتخابی مفاہمت کی واضح تصویر اواخر ہفتہ تک منظر عام پر آجائے گی کیونکہ اس ضمن میں مذاکرات قطعی مرحلہ میں داخل ہوچکے ہیں۔ تلگودیشم کے ساتھ بی جے پی کی انتخابی مفاہمت کے لئے بی جے پی کے سینئر لیڈر پرکاش جاوڈیکر مذاکرات میں مصروف ہیں جو توقع ہے کہ جمعرات کو حیدرآباد پہنچیں گے۔ اس ہفتہ کے دوران ان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔