ایلاگاندھی، رام کرشنا مشن اور دیگر کو پرواسی بھارتیہ ایوارڈ

نئی دہلی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گاندھی جی کی پڑپوتی ایلا گاندھی، ہندوستانی نژاد آسٹریلیائی سنیٹر لیزا ماریا سنگھ اور فجی میں رام کرشنا مشن کے بشمول 13 شخصیتوں و اداروں کو آج پرواسی بھارتیہ ایوارڈ عطا کیا گیا۔ ایلا گاندھی کو عوامی خدمات، ہندوستانی کی امیج بہتر بنانے اور ہندوستان و جنوبی افریقہ کے مابین باہمی روابط کے فروغ کیلئے خدمات پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج منعقدہ پروگرام میں یہ ایوارڈس عطا کئے۔

لیزا ماریہ سنگھ جنوبی ایشیائی خطہ سے پہلی آسٹریلیائی رکن پارلیمنٹ ہیں اس کے علاوہ انہیں کئی وزارت قلمدان بھی تفویض کئے گئے تھے۔ انہیں ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین دوستانہ روابط کو فروغ دینے کیلئے نمایاں خدمات پر ایوارڈ دیا گیا۔ اسی طرح رام کرشنا مشن فجی میں 1937ء سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس ادارہ کو بیرون ملک ہندوستان کا وقار بہتر بنانے پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا۔ شیب الدین واوا کنجو کو سعودی عرب میں کمیونٹی خدمات اور شمشیر وائلین پرمباتھ کو یو اے ای میں ہیلت کیر بزنس پر یہ ایوارڈ دیئے گئے۔