حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جو طلبہ آئندہ برس جے ای ای
(JEE) امتحان لکھنے کی تیاری میں مصروف ہیں انہیں نہ صرف اپنی قابلیت جانچنے کا موقع دستیاب ہے بلکہ 7 جون کو ہندوستان کے 52 مختلف مراکز پر منعقد شدنی نیٹ جی ٹیالینٹ ایوارڈ امتحان ( ایف ٹی آر ای ) میں شرکت کرتے ہوئے انعام اول کے 1.5 لاکھ روپئے اسکالر شپ حاصل کرنے کا موقع بھی دستیاب ہے ۔ تفصیلات کے بموجب رواں برس 7 جون کو ایف ٹی آر ای امتحان ہندوستان کے 52 مراکز میں منعقد کیا جارہا ہے جو کہ آئندہ برس جے ای ای امتحان تحریر کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے اپنی قابلیت جانچنے کا موقع بھی اس کے علاوہ اس امتحان میں سرفہرست 500 مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے 497 انعامات دستیاب ہیں جب کہ ابتدائی 3 مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب 1.5 لاکھ ، 90 ہزار اور 60 ہزار کی اسکالر شپس کا مستحق قرار دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ نیٹ جی امتحان دراصل ہندوستان بھر میں سرفہرست انجینئرنگ کالجس میں داخلہ کے لیے ایک کلیدی امتحان تصور کیا جاتا ہے ۔ جس کے لیے باضابطہ اعلیٰ سطحی ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے ۔ ایف ٹی آر ای کے امتحان میں شرکت حاصل کرتے ہوئے ابتدائی 500 مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کو 2016 کے امتحان کے لیے رہبری ، ٹریننگ اور دیگر اخراجات میں بھی تعاون فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس امتحان میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 جون ہے جب کہ رجسٹریشن آن لائن و آف لائن دونوں طریقوں سے کروایا جاسکتا ہے اور اس کی اقل ترین فیس 200 روپئے ہے ۔ مذکورہ ٹیالینٹ امتحان کے رجسٹریشن کے طریقہ کار ، فیس ، امتحان کا شیڈول ، نصاب اور دستیاب اسکالر شپ کے علاوہ دیگر تفصیلات کے لیے fiitjee-ftre.com ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔۔