ایف آر ڈی آئی سے دستبرداری پر اطمینان : سی پی آئی

حیدرآباد 19 جولائی ( این ایس ایس ) سی پی آئی نے کہا ہے کہ مرکز کی نریند رمودی حکومت کی جانب سے متنازعہ فینانشیل ریسولیوشن اینڈ ڈپازٹ انشورنس ( ایف آر ڈی آئی ) بل سے دستبرداری اختیار کرلینے کا فیصلہ اطمینان کا باعث ہے ۔ آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ایف آر ڈی آئی بل سے یقینی طور پر پہلے سے متاثرہ ڈپازیٹرس کو راحت مل سکتی ہے ۔ مرکزی کا بینہ کا 18 جولائی کو اجلاس منعقد ہوا تھا جس میںف یصلہ کیا گیا کہ اس بل کو پیش نہ کیا جائے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انشورنس ڈپازٹس کا موجودہ طریقہ کار برقرار رہے گا اور صارفین کو مجوزہ بل میں پیش کی جانے والی دفعات کے تعلق سے اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سی پی آئی اور دوسری اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ بینک یونینوں کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ اس بل سے دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ متنازعہ بل ڈپازیٹرس کیلئے پریشانی کا باعث ہوسکتا ہے ۔ سی پی آئی نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا حکومت نے اس بل کے نقائص کو سمجھ لیا تھا یا پھر یہ رائے دہندوں کو مطمئن کرنے کی کوشش ہے کیونکہ آئندہ انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے ۔