نیویارک ، 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایشا امبانی اور رادھیکا پیرامل جو انڈیا اِنکارپوریشن کی نئی نسل سے تعلق رکھتی ہیں ، انھیں فوربس میگزین نے ایشیا سے اپنے 12 ’’طاقتور خاتون تجارتی شخصیتیں ‘‘ نامزد کیاہے ، جو اپنی صنعتوں میں غیرمعمولی بلندیوں تک پہونچنے کی راہ پر گامزن ہیں ۔ 23 سالہ ایشا جو ریلائنس انڈسٹری چیرمین مکیش امبانی کی دختر ہیں ، وہ ریلائنس جیئو انفوکام اینڈ ریلائینس ریٹیل وینچرس سے بحیثیت ڈائرکٹر وابستہ ہیں ۔ ہندوستان کے امیر ترین شخص اور 75 بلین امریکی ڈالر مالیت کی ریلائینس انڈسٹریز کے چیرمین کے تین بچوں میں شامل ایشا کو اکٹوبر میں ٹیلی کام اینڈ ریٹیل یونٹس کے بورڈس کیلئے نامزد کیا گیا تھا ۔ فوربس کی اس فہرست میں 36 سالہ رادھیکا بھی شامل ہیں ۔ وہ وی آئی پی انڈسٹریز (لگیج ) کی منیجنگ ڈائرکٹر ہیں ۔ انھوں نے 2010 ء میں جائزہ حاصل کرنے کے بعد لگیج کی تیارکنندہ اس کمپنی کو ہندوستان میں نئی بلندی تک پہونچایا اور اب اس کمپنی کی سالانہ فروخت 150 ملین ڈالرکی ہے ۔