لکھنو ۔30جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد میں دڑاڑ ڈالتے ہوئے شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نے آج اپیل جاری کی کہ یو پی اسمبلی انتخابات میں مسلمان ان دونوں پارٹیوں کے اتحاد کو ووٹ نہ دیں، کیونکہ انھوں نے ’’برادری کو نظرانداز کیا،اور اس کے ساتھ غداری کی ہے ‘‘۔ کانگریس ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف عمل کرتی رہی ہے ، جبکہ سماج وادی پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ غداری کرنے کے علاوہ اُن کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انھوں نے عوام خاص طورپر مسلمانوں سے اپیل کی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں دونوں پارٹیوں کے اتحاد کی تائید نہ کی جائے ۔ اکھلیش یادو حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے انھوں نے الزام عائد کیا کہ اس حکومت نے صرف فسادات دیئے ہیں اور مسلم نوجوانوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے ، چنانچہ ثابت ہوگیا ہے کہ اکھلیش حکومت مسلم دشمن ہے ۔