نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی 3,600 کروڑ روپئے والی آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی شاپر معاملت میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلہ میں آج ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ تیاگی اس ضمن میں صبح 10 بجے سی بی آئی ہیڈکوارٹرس پہنچے۔ 15 ملزمین میں ایس پی تیاگی کو نامزد کرتے ہوئے سی بی آئی نے 2013ء میں اس معاملت کی تحقیقات کا باضابطہ آغاز کیا۔ اس تحقیقاتی ادارہ بڑی اطالوی ڈیفنس کمپنی فن میکانیکا کی ذیلی کمپنی انگلینڈ میں قائم آگسٹا ویسٹ لینڈ کے ساتھ 12 لکژری ہیلی کاپٹروں کی معاملت کو یقینی بنانے کی خاطر رشوت خوری کے الزامات تحقیقات میں تیاگی کے تین کزنس، تین مبینہ دلالوں اور چار کمپنیوں کو بھی نامزد کیا ہے۔ سی بی آئی کا الزام ہیکہ بعض دلالوں نے آگسٹا ویسٹ لینڈ کے حق میں اس معاملت کو کامیاب بنانے میں اپنا رول ادا کیا اور فن میکانیکا نے کئی ملین یورو کا کمیشن ان دلالوں کو ادا کیا۔