ایس سی ‘ ایس ٹی کمیشن کے قیام میں تاخیر

اسمبلی سے تلگودیشم و بی جے پی کا واک آوٹ
حیدرآباد 3 نومبر ( پی ٹی آئی ) ریاست میں ایس سی ‘ ایس ٹی کمیشن کے قیام میں تاخیر پر احتجاج کرتے ہوئے تلنگانہ اسمبلی سے اپوزیشن جماعتوں تلگودیشم اور بی جے پی ارکان نے واک آوٹ کیا ۔ ان جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے ایس سی اور ایس ٹی کمیشن کے قیام میں عمدا تاخیر کی ہے حالانکہ اسے اقتدار سنبھالے ساڑھے تین سال کا وقت ہوگیا ہے ۔ تلگودیشم کے ایس وینکٹ ویریا ‘ سی پی ایم کے رکن ایس راجیا اور کانگریس کے سمپت کمار نے حکومت سے سوال کیا کہ آیا یہ کمیشن کب قائم کیا جائیگا ۔ وزیر برائے بہبودی پسماندہ طبقات جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس سے رائے اور مشورہ طلب کیا ہے کیونکہ یہ مسئلہ دستور سے تعلق رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو مرکز کے جواب کا انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ ایس سی طبقات اور ایس ٹی طبقات کیلئے علیحدہ کمیشن قائم کیا جائے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وہ بہت جلد دہلی کا دورہ کرتے ہوئے مرکز سے اس مسئلہ کو رجوع کرینگے ۔ تاہم وینکٹ ویریا اور بی جے پی فلور لیڈر جی کشن ریڈی نے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ایوان سے واک آوٹ کردیا ۔