حیدرآباد۔ یکم جون (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ کی تاسیس کے موقع پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی مسلم فرنٹ اور انا پوراٹا سمیتی کا مشترکہ جشن، تلنگانہ مجسمہ امبیڈکر واقع ٹینک بنڈ پر 2 جون کو صبح 8 بجے منعقد ہو گاجس کی نگرانی انقلابی گلوکار و شاعر غدر کریں گے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ تحریک میں سرگرم رول ادا کرنے والے پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد میں شامل مذہبی، سماجی و سیاسی قائدین بھی اس جشن تلنگانہ میں شرکت کریں گے۔ چیف کنوینر ثناء اللہ خاں و کنوینر حیات حسین حبیب کے بموجب فرنٹ کے تمام قائدین صبح 8 بجے انقلابی گلوکار غدر کی قیادت میں مجسمہ امبیڈکر پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد تلنگانہ پرچم لہرایا جائے گا اور مابعد یادگارِ شہیداں گن پارک پہنچ کر شہدائے تلنگانہ کو خراج پیش کیا جائے گا۔ فرنٹ کے چیف کنوینر کی قیادت میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کی خوشی میں اسی دن بعد نماز ظہر مسجد جودی کنگ کوٹھی میں نماز شکرانہ ادا کیا جائے گا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے علمبردار سکیولر ذہنیت کے حامل آصف جاہی سلطنت کے ساتویں حکمران آصف جاہ سابع نظام ہشتم کی مزار پر چادر ِگل پیش کی جائے گی۔
تلنگانہ پنشنرس فورم کا جشن تلنگانہ پروگرام
حیدرآباد ۔ یکم جون (راست) تلنگانہ پنشنرس فورم کے جنرل سکریٹری سردار بیشن سنگھ کے بموجب پنشنرس کی جانب سے جشن تلنگانہ 2 جون بروز پیر صبح 11 بجے اعظم فنکشن ہال اعظم پورہ نزد کانٹا میں مقرر ہے۔ صدر فورم جناب محمد جمال الدین 2 جون کو یوم تاسیس کے موقع پر 11 بجے دن جھنڈا پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے۔ جشن تلنگانہ کو جناب محمد اعظم علی ٹی آر ایس، ایس اے منان، ایم پی نارائنا، اے راجہ ریڈی، الحاج سید ابراہیم، این راما سوامی مخاطب کریں گے۔