ایس جے شنکر کا 3 مارچ کو دورۂ پاکستان

معتمد خارجہ عزیز احمد چودھری سے ملاقات اور مسائل پر بات چیت متوقع
نئی دہلی۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) معتمد خارجہ ایس جے شنکر 3 مارچ کو دو روزہ دورہ پر پاکستان پہونچیں گے۔ پاکستان کے ساتھ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کرنے ہندوستان کے فیصلہ کے 7 ماہ بعد معتمد خارجہ ہند کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ یہ دورہ وزیراعظم نریندر مودی کی 13 فروری کو پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ہوئی بات چیت کے باعث یہ دورہ ممکن ہوا ہے۔ 13 فروری 2015ء کو وزیراعظم پاکستان کو وزیراعظم ہند کے فون پر ہوئی بات چیت کے بعد معتمد خارجہ ہند ایس جے شنکر کے دورۂ پاکستان کی تیاری شروع ہوئی ہے۔ وہ 3 اور 4 مارچ 2015ء کو پاکستان آئیں گے۔ ان کے دورہ کے دوران مسٹر جے شنکر معتمد خارجہ پاکستان عزیز احمد چودھری سے ملاقات کرلیں گے۔ اس دورہ کے تعلق سے دیئے گئے مختصر بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ ان دونوں معتمدین خارجہ کے درمیان کس ایجنڈہ پر بات چیت ہوگی، لیکن دفتر خارجہ نے قبل ازیں کہا تھا کہ جے شنکر کے دورہ کے دورہ کشمیر کے بشمول تمام غیرمعمولی دیرینہ مسائل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں ملک متوقع ہے کہ 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد تعطل کا شکار مذاکرات و امن پیشرفت کے عمل کا احیاء کریں گے۔