اسکالر شپس اجرائی کا مطالبہ، اندراپارک پر احتجاجی دھرنا
حیدرآباد ۔10 ستمبر (سیاست نیوز) اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا نے آج دھمکی دی ہے حکومت کی جانب سے طلبہ کو اسکالر شپس کی عدم اجرائی کی صورت میں 19 ستمبر کو چلو حیدرآباد مہم کا آغاز کرتے ہوئے دھرنا چوک اندرا پارک حیدرآباد پر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔ فیڈریشن نے اسکالرشپس کو سال 2012ء سے زیرالتواء بتایا اور ناکافی میس چارجس اور کاسمیٹک چارجس میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ بی سامباسیوا ریاستی جنرل سکریٹری و دیگر فیڈریشن قائدین نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ریاستی حکومت کے وعدوں کے باوجود اسکالر شپس اجراء نہیں کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ماہانہ صرف 750 روپئے میس اخراجات دے رہی ہے اس کو دو ہزار ماہانہ کیا جائے۔ انہوں نے کاسمیٹکس چارجس کو لڑکیوں کیلئے موجودہ 75 سے بڑھا کر 300 اور لڑکوں کو 50 سے بڑھا کر 200 روپئے کرنے کا مطالبہ کیا۔ بتایا گیا ہیکہ ریاست تلنگانہ میں 2800 سوشیل ویلفیر ہاسٹلس ہیں اور 5.50 لاکھ طلبہ اسکالر شپس سے محروم ہیں۔ بتایا گیا ہیکہ چلو حیدرآباد پروگرام میں کم از کم 10 ہزار طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔