حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اب ایس ایس سی کے نتائج کے اعلان سے پہلے اور بعد محکمہ تعلیم ایس ایس سی طلبہ اور ان کے والدین کے ساتھ کونسلنگ سیشن منعقد کرے گا تاکہ ناکام امیدواروں کو خودکشی سے بچایا جاسکے۔ انٹرمیڈیٹ نتائج کے اعلان کے بعد 20 سے زائد طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے پیش نظر محکمہ تعلیم یہ اقدام کررہا ہے تاکہ ایس ایس سی نتائج کے بعد خودکشی کا کوئی واقعہ نہ ہو۔ ایس ایس سی نتائج کے اعلان سے پہلے امیدواروں اور ان کے والدین کی کونسلنگ اس مہینے کی 9 یا 10 تاریخ کو ہوگی۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم جناردھن ریڈی نے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی صلاحیت سے واقف ہوں۔ بچوں پر سائنس اور ریاضی پڑھنے کے لئے دباؤ نہ ڈالیں اس سے پیسہ اور صحت دونوں رائیگاں ہوں گے۔