ایس ایس سی کامیاب طلباء کیلئے مفت موبائیل فون ریپیرنگ کورس

محکمہ اقلیتی بہبود کا اہم اقدام ، ایک ماہی کورس کے دوران امیدوار کو مفت لنچ ، یومیہ 500 تا 1000 روپئے کمانے کا سنہری موقع
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے ملک بالخصوص حیدرآباد و سکندرآباد میں موبائیل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے جہاں تک سارے ملک میں موبائیل صارفین کی تعداد کا سوال ہے ہر ماہ دیڑھ ماہ میں موبائیل صارفین کی تعداد میں کم از کم ایک ملین کا اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ مئی 2014 میں ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا نے جو اعداد و شمار پیش کئے تھے ۔ اس کے مطابق ہندوستان میں موبائیل فونس استعمال کرنے والوں کی تعداد 933 ملین تک جا پہنچی ہے لیکن حالیہ عرصہ کے دوران دیکھا گیا ہے کہ سیل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے ۔ بچے بوڑھے ، جوان ، امیر غریب ہر کسی کے ہاتھ میں موبائیل فون ضرور نظر آتے ہیں ۔ سڑکوں پر جاروب کشی میں مصروف مرد و خواتین سے لے کر کچرا کی نکاسی اور کچرا چننے والوں کے ہاتھوں میں بھی موبائیل فون نظر آئے گا ۔ حد تو یہ ہے کہ گداگر بھی موبائیل فون استعمال کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں ۔ جہاں موبائیل فونس ہوں وہاں ان میں خرابیاں پیدا ہونا بھی ضروری ہے ۔ ایسے میں موبائیل فون ٹیکنیشن یومیہ بآسانی 500 تا 1000 روپئے کما رہے ہیں ۔ ویسے تو شہر میں خانگی ادارے موبائیل فونس کی درستگی سکھا رہے ہیں لیکن اس فن کی اہمیت اور قدر کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے بینکرس انسٹی ٹیوٹ آف رورل اینڈ انٹرپرینر شپ ڈیولپمنٹ (APBIRED) راجندر نگر کے تعاون و اشتراک سے اقلیتی نوجوانوں کے لیے ایک ماہ کا تربیتی پروگرام شروع کررہی ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب محمد جلال الدین اکبر کے مطابق حیدرآباد اور رنگاریڈی کے رہنے والے 18 اور 30 سال عمر کے نوجوان اس غیر معمولی پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنا مستقبل سنوار سکتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تربیتی پروگرام 24 فبروری سے شروع ہورہا ہے جو 26 مارچ کو اختتام کو پہنچے گا ۔ اس کورس میں شرکت کے خواہاں نوجوانوں کا ایس ایس سی کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ چونکہ اس کورس کی مانگ بڑھتی جارہی ہے ۔ اس لیے پہلے آؤ پہلے پاؤ کے مطابق داخلے دئیے جائیں گے ۔ تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والوں کو شہر سے باہرجانے کی ضرورت نہیں بلکہ محکمہ اقلیتی بہبود نے حج ہاوز نامپلی میں ہی کلاس کا اہتمام کیا ہے ۔ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مفت لنچ فراہم کیا جائے گا ۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 21 فروری کو صبح 10 بجے ایس ایس سی اور دیگر سرٹیفیکٹس کے ساتھ رجوع ہوں ۔ واضح رہے کہ بیروزگار نوجوانوں کے لیے یہ کورس ایک نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ وہ مختلف بازاروں یا اپنے محلہ جات میں ایک چھوٹے سے کاونٹر پر موبائیل فون ریپیرنگ سنٹر شروع کرسکتے ہیں ۔ اس طرح وہ اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی بہتر انداز میں مدد کرسکتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان امیدواروں کو محکمہ اقلیتی بہبود ترجیحی بنیادوں پر قرض بھی فراہم کرے گا ۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 040-60026350 ۔ 60026351 اور 9705031112 اور سیاست ہیلپ لائن کے سید اسد محی الدین سے 9391160364 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔