ورنگل کو پہلا اور عادل آباد کو آخری مقام ، 31 جولائی تک کالجس میں داخلے
حیدرآباد ۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ کامیابی کا تناسب 45.79 فیصد ہے۔ کامیاب طلبہ 31 جولائی تک کالجس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ نتائج کی اجرائی کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں حصہ لینے 1,07,694 امیدواروں نے درخواست دی۔ 4 تا 19 جون امتحانات میں 1,06,240 امیدواروں نے شرکت کی اور 48,644 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ کامیابی کا تناسب 45.79 فیصد رہا ۔ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں بھی لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے۔ لڑکوں کے کامیابی کا تناسب 44.05 فیصد ہے جبکہ لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 48.06 فیصد ہے۔ ضلع ورنگل رورل کو پہلا مقام حاصل ہوا جس کی کامیابی کا تناسب 89.08 فیصد ہے۔ آخری مقام ضلع عادل آباد کو حاصل ہوا ہے جس کی کامیابی کا تناسب 23.58 فیصد ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون 10 یوم میمورنڈم آف مارکس اسکولس تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے منظورہ کالجس میں ہی داخلہ لیں۔ داخلہ سے قبل کالج کے بارے میں انکوائری کرلیں۔ چند کالجس نے فائر سیفٹی سرٹیفکیٹس داخل نہیں کئے جسکی وجہ سے ان کی منظوریوں کو روکا گیا ہے۔ حکومت نے اسکولس میں تعلیمی فیس میں اضافہ سے متعلق تروپتی راؤ کمیٹی رپورٹ کو قبول نہیں کیا ہے۔ چند افراد نے ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر حکم التواحاصل کیا ہے۔ ہم نے تمام اسکولس کو فیس میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسکولس بیاگ کا وزن کم کرنے جی او جاری کیا گیا ہے۔