ایس آرنگرکے بی کے گوڑہ میں قدیم واٹرٹینکس عوام کے لیے درد ِسر

واٹرٹینکس میں کچرے کے انبار۔واٹر بورڈ سے نمائندگی بے فیض
حیدرآباد30اکتوبر(سیاست نیوز)۔ایس آرنگرکے بی گوڑہ علاقے میں قدیم SYNTEXواٹرٹینکس عوام کے لیے دردِ سر بن گئے ہیں۔جامع مسجد بہلول خان گوڑہ کے روبرو ایک واٹرٹینک ہے۔اس مسجدکے پیچھے بھی ایک اور واٹرٹینک لگایا گیا تھا ۔ تاہم اب ان دونوں واٹرٹینکس میں پانی کے بجائے کچرے کے انبارہیں۔اس کے علاوہ بی کے گوڑہ کمیونٹی ہال اور قبرستان کے پاس لگائے گئے واٹرٹینکس کے حالات بھی مختلف نہیں ہے۔ بی کے گوڑہ میں پانی کی قلت کو دورکرنے کے مقصد سے حیدرآباد میٹروپالٹین واٹرسپلائی اینڈسیوریج بورڈ کی جانب سے اس علاقے میں 7 واٹر ٹینکس لگائے گئے تھے۔تاہم اب ان 7واٹر ٹینکس میں پانی سپلائی نہیں کیاجارہاہے۔ان واٹر ٹینکس میں گندگی کی وجہ سے تعفن پھیل رہاہے اور مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ ناکار ہ واٹر ٹینکس کی تبدیلی ضروری ہوگئی ہے ۔تاہم واٹر بورڈ کے حکام ناکارہ واٹر ٹینکس کی تبدیلی کے لیے غیرسنجیدہ نظرآرہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہناہے کہ 2009ء میں لگائے گئے ان واٹرٹینکس کے ذریعہ عوام کو پانی سپلائی کیاجاتاتھا۔تاہم واٹرٹینکس اب ناکارہ ہوگئے ہیں۔بی کے گوڑہ سلم نیبرہڈکمیٹی نے واٹربورڈ کے جنرل منیجر سے نمائندگی کرتے ہوئے ناکارہ واٹر ٹینکس کو تبدیل کرنے کی اپیل کی ہے۔بی کے گوڑہ سلم نیبرہڈکمیٹی نے واٹر بورڈ کے جنرل منیجر کو ایک یادداشت بھی پیش کی۔کمیٹی نے اپنی یادداشت میں جنرل منیجر کو بتایا کہ بی کے گوڑہ کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے واٹرٹینکس اب ناکارہ ہوگئے ہیں اس لیے انہیں اب تبدیل کیاجاناچاہیے۔بی کے گوڑہ سلم نیبر ہڈ کمیٹی کے صدروسماجی کارکن محمد نصیر الدین قادری نے بتایا کہ ناکارہ واٹرٹینکس کی تبدیلی کے لیے کئی بارواٹربورڈ کے حکام سے نمائندگی کی گئی ہے۔تاہم بورڈ کے حکام ناکارہ واٹرٹینکس کی تبدیلی کے معاملے پرخاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں۔ محمد نصیر الدین قادری کا کہناہے کہ 27مئی 2014کو واٹربورڈکے جنرل منیجر کو ایک یادداشت پیش کی گئی ہے۔تاہم واٹر بورڈ کے حکام نے اب تک اس علاقہ کا دورہ کرکے ناکارہ واٹر ٹینکس کا جائزہ بھی نہیں لیاہے۔ مقامی خاتون نشاط فاطمہ نے بتایا کہ ناکارہ واٹر ٹینکس کی وجہ سے اس علاقے میں مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے۔ایک اور مقامی شہری ایڈوکیٹ سیدمنیرکا کہناہے کہ واٹربورڈاورجی ایچ ایم سی کے حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے ناکارہ واٹرٹینکس ،کچرے کے انباربن گئے ہیں۔سید منیر نے واٹر بورڈ کے حکام سے ناکارہ واٹرٹینکس کو جلد تبدیل کرنے کی اپیل کی ہے۔مقامی لوگوں کا کہناہے کہ واٹرٹینکس کی تبدیلی کے ذریعہ پانی کی قلت پر قابو پایا جاسکتاہے اور گندگی سے بھی نجات مل سکتی ہے۔دوسری جانب واٹربورڈ کے حکام نے اس معاملہ کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔