حیدرآباد 23 نومبر ( پی ٹی آئی) اے آئی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج یہاں کہا کہ کانگریس نے اپنے ارکان کے تلنگانہ میں حکمراں جماعت ٹی آر ایس میں انحراف اور حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ کے ڈومسٹک ٹرمینل کو آنجہانی این ٹی راما راو سے موسوم کئے جانے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کی ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جو تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کانگریس کے تنظیمی امور کے انچارج ہیں راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ کے ڈومسٹک ٹرمینل کو غیر منقسم آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے بانی آنجہانی این ٹی راما راو سے موسوم کرنے این ڈی اے حکومت کے فیصلے کی سخت مدمت کی ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ’’سونیا گاندھی نے اس ایر پورٹ کی تعمیر کیلئے منعقدہ رسم سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کی۔ مسز سونیا گاندھی نے ہی انٹرنیشنل ایر پورٹ اور اس کے ڈومسٹک ٹرمینل کا افتتاح کیا تھا ۔ چنانچہ ہم اس ایر پورٹ کے ٹرمینل کا نام تبدیل کرنے این ڈی اے حکومت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں ۔ مفاد عامہ کی درخواست کے ذریعہ عدالت میں اس فیصلہ کے خلاف چیلنج کیا جائے گا‘‘۔ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی نے حال ہی میں اس ایر پورٹ کے ڈومسٹک ٹرمینل کو آنجہانی این ٹی آر سے موسوم کیا تھا جس کے ساتھ ہی کانگریس کا احتجاج شروع ہوگیا ۔ تاہم وزیر شہری ہوابازی پی اشوک گجپتی راجو نے کہا ہے کہ این ٹی راما راو کا نام بحال کیا گیا ہے کیونکہ بیگم پیٹ میں واقع ایر پورٹ (جو فی الحال تجارتی پروازوں کیلئے استعمال نہیں کیا جارہا ہے) این ٹی آر سے موسوم تھا ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جو تلنگانہ میں کانگریس کے مختلف شعبوں کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے پہونچے تھے یہ اَمام بھی عائد کیا کہ حکمراں ٹی آر ایس اب کانگریس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹی آر ایس کی جانب سے کانگریس کے ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کو منحرف کروایا جارہا ہے اور صدارتی افسر (اسپیکر اسمبلی / صدر نشین کونسل ) اس مسئلہ پر کوئی فیصلہ نہیں کررہے ہیں ۔ کانگریس اس انحراف کے خلاف عدالت میں چیلنج کرے گی‘‘۔