کمپنی کو بند کرنے کی کوشش ، مواصلاتی مسابقت کا مقابلہ کرنے سے قاصر
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) ایرسیل نامی مواصلاتی کمپنی نے ممبئی میں موجود نیشنل کمپنی لاء ٹریبونل میں درخواست داخل کرتے ہوئے مالیاتی دیوالیہ کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ متعدد کوشش کے باوجود کمپنی کے مالی حالات کو سدھارنے سے قاصر ہیں اسی لئے وہ کمپنی کا دیوالیہ پن اعلان کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے قانون دیوالیہ کوڈ کی دفعہ 10کے تحت وہ یہ درخواست داخل کرتے ہوئے کمپنی کو بند کرنے کی اجازت حاصل کر رہے ہیں۔ ایرسیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مواصلاتی شعبہ میں بڑھ رہی مسابقت کے باعث ایرسیل اس کا مقابلہ کرنے کا متحمل نہیں ہے اسی لئے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے کئی اجلاس منعقد کرتے ہوئے کمپنی کو دیوالیہ سے بچانے کیلئے مالیہ کی فراہمی کی امکانات کا جائزہ لیا لیکن ان تمام امور کے باوجود ناکامی کے بعد کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ کمپنی بند کردی جائے اور دیوالیہ کا اعلان کردیا جائے۔ایرسیل نے جو بیان جاری کیا ہے اس میں واضح طور پر اس بات کی طمانیت دی گئی ہے کہ ان کی کمپنی کے صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا سلسلہ بلا کسی رکاوٹ کے جاری رہے اسی بات کو یقینی بنانے کے لئے کمپنی نے اپنے مواصلاتی نظام کو کسی دیگر کمپنی کے نظام میں ضم کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔ایرسیل نے دعوی کیا ہے کہ کمپنی نے تمام ملازمین ‘ صارفین ‘ ڈسٹریبیوٹرس کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور کمپنی کی جانب سے دیوالیہ کی درخواست کے ادخال سے قبل کمپنی کو بچانے اور مالیہ کے حصول کے علاوہ قرضہ جات کی ادائیگی کے سلسلہ میں کئی امور پر غور کیا گیا لیکن کسی بھی طرح سے صورتحال میں بہتری نہ ہوتی نظر آنے کی صورت میں یہ سخت فیصلہ لیا گیا ہے۔ایرسیل کی جانب سے داخل کردہ دیوالیہ کی درخواست میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ مواصلاتی شعبہ میں تیزی سے بڑھ رہی مسابقت کے باعث وہ بازار کے مقابلہ کرتے ہوئے اس مسابقتی دوڑ میں برقرار رہنے کے موقف میں نہیں ہے۔کمپنی نے تحلیل اور دیوالیہ سے قبل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں کئی اقدامات کئے ہیں اور ان اقدمات کو ممکن بنانے کی درخواست میں بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2018جنوری میں ہی ایرسیل کے حالات انتہائی ابتر ہو چکے تھے اور گذشتہ دو ماہ کے دوران متعدد اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس بات کی کوشش کی گئی تھی کہ کمپنی کو دیوالیہ سے بچایا جائے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو پایا ہے۔کہا جا رہاہے کہ مواصلاتی شعبہ میں اب صرف ایرٹیل اور جیو کے علاوہ کسی کمپنی کے درمیان مسابقت باقی رہنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ جیو کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا مقابلہ اور قیمتوں میں مسابقت صرف ایرٹیل کی جانب سے کیا جا رہاہے جبکہ مابقی مواصلاتی کمپنیوں کی حالت ابترہے۔