چندرا بابو نائیڈو کی ایما پر اشوک گجپتی راجو نے سرکلر جاری کیا ہوگا: کشن ریڈی
حیدرآباد /21 نومبر (این ایس ایس) شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر سے موسوم کرنے کے حساس مسئلہ پر بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی کی رائے دوسروں سے مختلف ہے۔ مسٹر کشن ریڈی نے اسمبلی لابی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے یہ احکام اپنے طورپر جاری کئے ہیں، جن کے ذریعہ این ٹی آر کا نام برقرار رکھا گیا اور اس کے بعد غالباً انھوں نے مرکز کو اس کی اطلاع دی۔ مسٹر کشن ریڈی نے کہا کہ ’’جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے، مرکزی کابینہ کا اس مسئلہ سے کوئی سروکار نہیں ہے، نہ ہی مرکز اور نہ ہی کابینہ نے اس مسئلہ پر غور و خوض کیا ہے، لیکن وہ اشوک گجپتی راجو ہی ہیں، جنھوں نے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی ایما پر یہ سرکلر جاری کیا ہوگا‘‘۔ مسٹر کشن ریڈی نے اس ضمن میں سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کا نام تجویز کرنے کے لئے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ میں جرأت نہ کرنے پر شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چیف منسٹر کے ذہن میں پی وی نرسمہا راؤ کا نام رہا ہوگا، لیکن انھوں نے ایک جماعت کی مخالفت کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ نام تجویز کرنے کی جرأت نہیں کی۔