ایرپورٹ ڈومیسٹک ٹرمنل کے نام کی تبدیلی کیخلاف کانگریس کا احتجاج

مرکز سے فوری دستبرداری کا مطالبہ، تلنگانہ اسمبلی کی قرارداد منظوری کا خیرمقدم
حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے قائدین نے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم کرنے کے خلاف مجسمہ راجیو گاندھی کے قریب احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلینے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاجی دھرنے میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نائب صدر مسٹر محمد علی شبیر قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس اے آئی سی سی سکریٹری و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ سابق ارکان پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو مسٹر راجیا سابق وزیر و صدر کانگریس گریٹر حیدرآباد مسٹر ڈی ناگیندر کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی منتخب حکومت موجود ہونے کے باوجود مرکزی حکومت نے تلنگانہ حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی اور نہ ہی تجاویز طلب کیں۔ یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے این ٹی آر کا نام رکھ دیا جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتی ہیکہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور راجیو گاندھی کے نام کو جوں کا توں برقرار رکھے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ہر مسئلہ کو سیاسی نظر سے دیکھنے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے احکامات واپس لینے کا مرکز سے مطالبہ کیا۔ قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جاناریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام دونوں تلگو ریاستوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد بھی آندھرائی قیادت کی تلنگانہ میں مداخلت افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مرکزی حکومت اپنے فیصلے سے فوری دستبرداری اختیار کرے۔ قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ تلگو کی ایماء پر مرکزی حکومت نے جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ غیراخلاقی حرکت ہے۔ مرکزی حکومت نے ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم کرنے سے قبل ریاستی حکومت کی مرضی جاننے کی بھی کوشش نہیں کی۔ ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی نے ایک دوسرے سے سازش کرتے ہوئے این ٹی آر کے نام سے ٹرمنل موسوم کیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ تلگودیشم حکومت آندھرا میں جہاں 5 ایرپورٹس قائم ہورہے ہیں ان کے نام این ٹی آر سے موسوم کرے اس پر کانگریس پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ اسمبلی میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کا نام جوں کا توں رکھنے کی قرارداد منظور کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔