ایرپورٹ میں ایمرجنسی لینڈنگ، چار ماہ کے بچہ کی موت

شمس آباد 31 جولائی (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں انڈیگو فلائیٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی۔ تفصیلات کے بموجب پنیتا شرما ساکن بنگلور اپنے چار ماہ کے بیٹے اسپرش کے ساتھ انڈیگو فلائیٹ نمبر 6E-897 کے ذریعہ اپنے آبائی مقام پٹنہ جارہی تھی کہ فلائیٹ میں اسپرش کی طبیعت بگڑ گئی جس کی وجہ سے فلائیٹ کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ عہدیداروں نے چار ماہ کے بچہ کو ایرپورٹ اپولو دواخانہ منتقل کیا جہاں بعد معائنہ ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا۔