ایرسیل کیس میں چدمبرم سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ

نئی دہلی 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ای ڈی نے آج پھر ایک بار سابق وزیر فینانس پی چدمبرم سے ایرسیل ۔ میکسیس کے غیر قانونی رقمی لین دین سے متعلق کیس میں پوچھ تاچھ کی، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ چدمبرم کا بیان قانون انسداد غیر محسوب رقمی لین دین کے تحت ریکارڈ کیا جائے گا۔ یہ معلوم ہوا ہے کہ ایجنسی اِس معاملت کے تعلق سے چدمبرم سے نئے سوالات پوچھنا چاہتی ہے۔ ایجنسی نے قبل ازیں اُن متعلقہ عہدیداروں کے بیانات قلمبند کئے تھے جب یہ معاملت کی گئی تھی اور توقع ہے کہ چدمبرم سے بھی ایسے ہی سوالات کئے جائیں گے۔ فارن انوسٹمنٹ پروموشن بورڈ جو اب ختم کردیا گیا، اُس کے منظورہ طریقوں اور دستیاب حالات کے بارے میں بعض مخصوص سوالات بھی ایجنڈہ پر ہیں اور یہ دریافت کیا جائے گا کہ چدمبرم نے اپنی میعاد کے دوران ایرسیل ۔ میکسیس معاملت کو منظوری دیتے ہوئے کن ضوابط کی تعمیل کی۔ چدمبرم کے فرزند کارتی سے اِس کیس میں ای ڈی دو مرتبہ پوچھ تاچھ کرچکا ہے۔