تہران 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سرکاری خبررساں ادارہ ارنا نے خبر دی ہے کہ پاکستان سے متصلہ ایرانی سرحد پر گزشتہ شب جھڑپوں کے دوران ایرانی سکیورٹی فورسیس کے تین اہلکار اور تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیتان ۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت زاہدان کے جنوب مشرق میں واقع سرحدی علاقہ میرجاوی میں سرحدی چوک پر 1.30 بجے شب پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے حملہ کردیا تھا۔ جھڑپ کے دوران تین حملہ آوروں کے علاوہ ایک ایرانی پولیس افسر اور پاسداران انقلاب فورس کے دو ارکان ہلاک ہوگئے۔ 90 فیصد شیعہ اور دو تہائی فارسی آبادی کے اس ملک کے اس شورش زدہ علاقہ میں بلوچی نسل کے سنی مسلمانوں کی غالب آبادی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی حکام نے گرفتار شدہ افراد اور نعشوں کو پاکستانی حکام کے حوالہ کردیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت شاہ زیب خاں ولی اور عمر صادق کی حیثیت سے کی گئی ہے۔