ایران ۔ فرانس شراکت داری کا اعلان

تہران ۔ 28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرماحولیات فرانس سیگولین رائل نے وزیرماحولیات ایران سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ کئی مشترکہ پراجکٹس کے اعلان کا منصوبہ ہے ‘جن سے برقی توانائی اور پانی کی قلت کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے گی اور آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے گا ۔ رائل نے ایران کے تحفظ ماحولیات تنظیم کے صدر معصومیہ ابتکار سے ملاقات کی اور کہا کہ ایران اور فرانس کو فبروری تک کئی اہم شراکت داری کے پراجکٹس کا اعلان کرنا ہے ۔ کئی اعلیٰ سطحی پراجکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ رائل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینئر تاجروں کے ساتھ ایران کا تین روزہ دورہ کررہے ہیں جس کے موقع پر ماحولیات اور قابل تجدید توانائی ‘ پانی ‘ آلودگی اور برقی توانائی کے استعمال کی ماہر کمپنیوں سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ ایران کا اس لئے انتخاب کیا گیاہے کیونکہ اسے کئی بڑے چیلنجس درپیش ہیں ۔ رائل نے کہاکہ وہ فبروری میں دوبارہ ایران کا دورہ کریں گی اور باہم شراکت داری میں پیشرفت کا جائزہ لیں گی ۔ ابتکار نائب صدر ایران بھی ہیں۔ ان کے دورہ سے بین الاقوامی تعاون برائے ماحولیات کی اہمیت ظاہرہوتی ہے اور عالمی برادری کو یہ پیغام پہنچتا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات اور مسائل برائے ماحولیات میں باہم تعاون اور شراکت داری کررہے ہیں ۔