تہران ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی ایران کے ایک کوہستانی علاقہ میں 5.4 شدت کے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق تہران سے 1330 کیلومیٹر کے فاصلہ پر واقع مستقر زیارت علی میں صبح 6 بجے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ زلزلہ کی شدت اگر 5 کی بھی ہو تو اس سے کافی نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن خوش بختی سے مستقر زیارت علی سے ملنے والی خبروں کے مطابق کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ حالانکہ بچاؤ کاری ٹیم کو وہاں روانہ کیا گیا ہے ۔ اس چھوٹے مستقر کی آبادی صرف 5000 نفوس پر مشتمل ہے جن میں اکثریت کسانوں کی ہے ۔
بین الاقوامی برادری سے شمالی کوریا پر سخت کارروائی کا امریکی مطالبہ
جنیوا، 31اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کل بین الاقوامی برادری سے شمالی کوریا کو ممنوعہ نیوکلیئر اور میزائل پروگرام ترک کرنے پر دباؤ ڈالنے کے لئے مشترکہ کارروائی کی اپیل کی اور کہا کہ وہ نئی پابندی پر کام کررہا ہے۔ جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ کے سینئر فوجی افسران نے شمالی کوریا کے مسلح پروگراموں پر اقوام متحدہ کے منعقدہ کانفرنس کے لئے طویل تعاون سے متعلق تکنیکی تجویز تیار کی تھی ۔امریکی سفیر (برائے تخفیف اسلحہ) رابرٹ ووڈ نے کہا ہیکہ یہ اجلاس کا انعقاد نیوکلیائی اور بیلیسٹک میزائل پروگراموں پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تجویزوں کی خلاف ورزی کے لئے شمال کوریا کی عالمی مذمت اور واضح طور پر مواخذے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔