ایران کے بارے میں اندازے غلط : نتن یاہو

یروشلم۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ ایران کے رہنما کی جارحانہ اور محاذ آرائی پر مبنی تقریر کے بعد نیوکلیئر معاملت کے ذریعہ اسلامی جمہوریہ کی دہشت گردی میں کمی کی توقعات وابستہ کرنا صریح غلطی ہوگی۔ کل ایران کے رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ کے بارے میں موقف تبدیل نہیں ہوگا اور لبنان میں حزب اللہ باغیوں اور فلسطینی انتہا پسند گروپس کی تائید جاری رہے گی۔ بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ ایران نے اس حقیقت کو مخفی رکھنے کی کوشش بھی نہیں کی کہ تحدیدات برخاست ہونے کے بعد وہ علاقائی انتہا پسند گروپس کو مزید مسلح اور مشرق وسطی میں امریکی و اسرائیلی مفادات کے خلاف اقدامات کرے گا۔
نتن یاہو نے گزشتہ ہفتہ ایران کے ساتھ طئے پائے نیوکلیئر معاہدہ پر سب سے زیادہ تنقید کی تھی۔