ایران کی امریکی تحدیدات کیخلاف بین الاقوامی عدالت میں شکایت

تہران ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی وزارت خارجہ کے ایک اہم بیان کے مطابق امریکہ کی جانب سے ایران پر ایک بار پھر تحدیدات عائد کرنے کے خلاف ایران نے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں شکایت درج کروائی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے وزارت کی ویب سائیٹ پر یہ بات بتائی جبکہ وزیرخارجہ ایران جواد ظریف نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ ڈالتے ہوئے امریکہ کی جانب سے یکطرفہ طور پر ایران پر ایک بار پھر تحدیدات عائد کرنے کو غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ اس کیلئے امریکہ سے بازپرس ہونی چاہئے اور بار بار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے امریکہ کو بھی جوابدہ بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہیکہ یہ شکایت ماہ مئی میں امریکہ کے ایران 2015ء نیوکلیئر معاہدہ سے دستبردار ہونے اور ایران پر دوبارہ تحدیدات عائد کرنے کے پس منظر میں داخل کی گئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان 1980ء کے دہے میں اس وقت سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں جب ایران میں واقع امریکی سفارتخانہ کے عملہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔