ایران کیخلاف عالمی جنگ کا اندیشہ : پاسداران انقلاب

تہران ۔ 12 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر انچیف جنرل حسن سلامی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی سطح پر ایران کے خلاف بڑھتی نفرت کے نتیجے میں تہران کے خلاف عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مستقبل میں کسی بڑی جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ جنرل سلامی نے ایرانی ٹی وی ’خبر‘ کو انٹرویو میں دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ان کے پاس خلیجی آبی حدود میں موجود امریکی بحری بیڑوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ کسی بھی خطرے اور جنگ کی صورت میں ہم امریکی بیڑوں پر حملہ کرکے انہیں سمندر میں ڈبو دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران کو ہمہ وقت عالمی جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔ ہم نے اسی اصول کی بنیاد پر دفاعی اورعسکری حکمت عملی وضع کی اور پاسداران انقلاب کو بھی اسی اصول کا پابند بنایا ہے۔ ہمیں عالمی جنگ کا خطرہ ہے اور اہم اس کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں پاسداران انقلاب کے نائب نے کہا کہ امریکہ اپنے بحری جنگی بیڑوں سے دنیا کو خوفزدہ کرنا چاہتا ہے لیکن ہمیں ان بیڑوں کا کوئی خوف نہیں ہے۔ ہم ان پر دفاعی حملہ کرکے انہیں تباہ کر سکتے ہیں۔