نیویارک ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما کی مشیر برائے قومی سلامتی سوزن رائس نے اپنے دورہ اسرائیل میں میزبان ملک کو یقین دہانی کرائی ہیکہ واشنگٹن حکومت ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے اجازت نہیں دے گی۔ گذشتہ برس اپنے عہدہ دوبارہ سنبھالنے کے بعد رائس کا یہ پہلا دورہ اسرائیل تھا، جس میں گذشتہ روز انہوں نے وزیرعاظم بنجامن نتن یاہو
اور صدر شمعون پیریز سے ملاقات کیں۔ امریکی قومی سلامتی کی مشیر نے کہا کہ وہ امریکہ کے اتحادی ملک اور ایرانی ایٹمی پروگرام کے سخت مخالف اسرائیل کو مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ رکھیں گی۔ ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رائس کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کے تحفظات دور کرنے کیلئے سفارتکاری ہی سب سے کارآمد ذریعہ ہے۔ سوزن رائس آج سے اسرائیل میں شروع ہونے والے امریکی اسرائیلی اسٹریٹیجک مذاکرات میں واشنگٹن کے وفد کی سربراہی کررہی ہیں۔