اقوام متحدہ ۔ 28 ۔ جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے امریکی وزیر خارجہ ایکس ٹلرسن پر ایران کی موجودہ حکومت کو معزول کرنے کیلئے دخل اندازی کا منصوبہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے مغائر قرار دیا ۔ اقوام متحدہ کیلئے ایران کے سفیر غلام علی خسرو نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس کے نام ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ٹلرسن کے ایک بیان کا بھی حوالہ دیا جو 1981 ء کے الجائرس معاہدہ کے مغائر ہے جس کے تحت امریکہ نے یہ عہد کیا تھا کہ ایران کے داخلی معاملات میں راست یا بالراست طور پریا سیاسی یا فوجی نوعیت کی کوئی مداخلت نہیں کرے گا ۔ اس مکتوب کو آج گشت کروایا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ٹلرسن نے 14 جون کو ایران کی خارجی امور کمیٹی کی سماعت کے دوران جو دراصل اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بجٹ کیلئے منعقد کی گئی تھی ، کہا تھا امریکہ کی پالیسی ایران کو نیوکلیر ہتھیار سازی سے روکنا ہے اور ایران میں موجود ان عناصر کے ساتھ تعاون کرنا ہے جس سے ایرانی حکومت کی پرامن تبدیلی ہوسکے ۔ مسٹر خسرو نے تمام ممالک سے ایسے بیجا اور بے مقصد بیانات کی مذمت کرنے کی خواہش کی ہے ۔