واشنگٹن۔15مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وائیٹ ہاؤز نے امریکی سینٹ کو تازہ انتباہ جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ایران سے اس کے نیوکلئیر پروگرام کے بارے میں بات چیت سے دور رہے ۔ سربراہ افواج ڈینس مائیکڈونف نے سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے صدرنشین باب کارکر کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں قانون سازی ری پبلکن ارکان کے زیرسرپرستی امکان ہے کہ امریکی کانگریس کو کسی بھی قسم کا معاہدہ کرنے سے روک دے گی ‘ اس لئے امریکی کانگریس کو انتباہ دیا جاتا ہے کہ اُسے اس معاہدہ کی تائید میں رائے دینا چاہیئے ۔ میکڈونف نے اس دفعہ پر بھی تنقید کی جس کے تحت صدر بارک اوباما کے ایران پر موجودہ تحدیدات برخواست کرنے کے اختیارات کو چیلنج دیا گیا ہے ۔ میکڈونف نے وائیٹ ہاؤز کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ امریکی کانگریس کی کارروائی کسی معاہدہ کی قطعیت سے پہلے مذاکرات کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگی ۔