ایران کو معاہدہ کے بارے میں کوئی فکر نہیں: وزیر خارجہ جواد ذریف
واشنگٹن ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے امریکی کانگریس کے ارکان کو انتباہ دیا کہ اگر وہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ کے خلاف رائے دیں گے تو ایران جوہری بم تیار کرنے کی سمت پیشرفت کرے گا۔ بین ا لاقوامی تحدیدات بے اثر ہوجائیں گی اور امریکہ معاہدہ کے مطابق ایرانی تنصیبات کے معائنوں کے حق سے محروم ہوجائے گا۔ تہران سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیر خارجہ ایران نے ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ ان کے ملک کا عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدہ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پر عمل آوری کے بارے میں ایران کو کوئی فکر یا اندیشہ نہیں ہے۔ جواد ذریف کا یہ تبصرہ ایران کا دورہ کرنے والی یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فریڈریکا مغرینی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں منظر عام پر آیا۔