انقرہ ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیر توانائی فاتح دونمیز نے کہا کہ ترکی رسد کے طویل المدت معاہدے کے تحت ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھے گا۔چہارشنبہ کے روز ترکی کے ایک ٹی وی چینل A Haber پر نشر ہوئے انٹرویو میں دونمیز نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذکورہ معاہدہ 2026ء تک جاری رہے گا اور اس کے تحت مجموعی طور پر 9.5 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کی جائے گی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ لین دین کرنے والی کسی بھی کمپنی یا ملک کے ساتھ امریکہ کے تجارتی معاملات روک دیے جائیں گے۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ نومبر میں ایران پر پابندیوں کا دوسرا مرحلہ لاگو کیا جائے گا۔ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا پہلا مرحلہ منگل کی صبح سے لاگو ہو گیا۔
امریکہ پر کوئی اعتماد نہیں کرتا : جواد ظریف
تہران ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے آج ایک اہم لیکن طنزیہ بیان دیتے ہوئے امریکہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ امریکہ نے حالیہ دنوں میں کچھ ایسے متنازعہ فیصلے کئے ہیں جس کی وجہ سے دُنیا کے اہم ممالک اور اُن کے سربراہان کا امریکہ پر سے بھروسہ اُٹھ گیا ہے لہذا اس صورتحال میں امریکہ کے ساتھ بات چیت کے احیاء کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ۔ امریکہ بہرحال وہی کرے گا جو اُس کی مرضی ہوگی ۔ وہ اب ناقابل اعتماد ملک بن چکا ہے جس کی قیادت بھی ناقابل اعتماد ہے ۔