ایران باہمی تجارت میں اضافہ کا خواہاں

ممبئی۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران ، ہندوستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات میں اضافہ کرنا چاہتا ہے چنانچہ اس نے کارپوریٹ انڈیا کو اپنی ترقی کی کہانی میں شراکت داری کیلئے مدعو کیا ہے۔ ہندوستان تیل کے علاوہ دیگر ایرانی مصنوعات کا چوتھا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے۔ سابق ایرانی تقویم کے مطابق جس کا اختتام مارچ 2014ء میں ہوا، ایران نے تیل کے علاوہ دیگر مصنوعات جن کی مالیت 2 کھرب 4 ارب 17 کروڑ امریکی ڈالر تھی، ہندوستان کو برآمد کی تھی اور ہندوستان سے 4 کھرب 31 ارب امریکی ڈالر مالیتی تیل کے سوائے دیگر مصنوعات درآمد کی تھی۔ عالمی مرکز تجارت اور کُل ہند انجمن برائے صنعتیں کے زیراہتمام منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غوامی رکن پارلیمنٹ ایران نے کہا کہ ایران میں کئی زبردست تجارتی مواقع ایسے ہیں جن سے دونوں ممالک نے ہنوز استفادہ نہیں کیا۔ وہ خانگی شعبہ کو خاص طور پر ان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ غوامی نے انفراسٹرکچر بہتر بناتے ہوئے دونوں ممالک میں اچھے روابط کے لئے ایک فاؤنڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ نئی ریل روڈ اور دیگر ترقیاتی اقدامات موجودہ سڑکوں کو بہتر بنانے کیلئے کئے جائیں گے تاکہ ایک مستحکم شمال ۔ جنوب راہداری قائم ہوسکے۔ایرانی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، کانکنی و زراعت کے علی اکبر فرازی نے دونوں ممالک پر دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کیلئے اور باہمی تجارت میں اضافہ کیلئے زور دیا۔